ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل : ڈپٹی کمشنر پربھو لنگا کولیکٹی نے لیا برساتی پانی جمع ہونے سے درپیش حالات کا جائزہ - مسائل حل کرنے کا دیا بھروسہ 

بھٹکل : ڈپٹی کمشنر پربھو لنگا کولیکٹی نے لیا برساتی پانی جمع ہونے سے درپیش حالات کا جائزہ - مسائل حل کرنے کا دیا بھروسہ 

Thu, 06 Jul 2023 13:28:17    S.O. News Service

بھٹکل،6 / جولائی (ایس او نیوز) پچھلے دو تین دن سے مسلسل برسات کی وجہ سے شہر میں پانی جمع ہونے سے درپیش حالات کا جائزہ لینے کے لئے ڈپٹی کمشنر پربھو لنگا کولیکٹی نے بھٹکل کا دورہ کیا اور عوام کو درپیش مسائل جاننے کے لئے سماجی ذمہ داران کے ساتھ میٹنگ منعقد کی ۔
    
سرکیوٹ ہاوس میں منعقدہ اس میٹنگ میں سماجی ذمہ داروں نے شہر میں نیشنل ہائی وے توسیع کی وجہ سے پیدا ہونے والی اڑچن اور پانی کی نکاسی کا مناسب انتظام نہ ہونے کی وجہ سے شہر کے مختلف علاقوں میں عوام کو درپیش مسائل اور اس کے اسباب ڈی سی کے سامنے پیش کیے ۔
    
بھٹکل ناگرک  ہیتا رکھشنا  ویدیکے کے صدر ستیش کمار نائک نے رنگین کٹہ، شمس الدین سرکل، موڈ بھٹکل، منکولی جیسے علاقوں میں پانی جمع ہونے اور عوام کو درپیش مسائل کے لئے نیشنل ہائی وے توسیعی منصوبے کی ٹھیکیدار کمپنی آئی آر بی کو ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے کہا کہ اس کمپنی کی طرف سے غیر سائنٹفک انداز میں کیا گیا کام اور پانی نکاسی کے لئے درست طریقے سے نالے نہ بنانے کا خمیازہ عوام کو بھگتنا پڑ رہا ہے ۔  ستیش کمار نے عوام کو درپیش مسائل حل کرنے کے سلسلے میں بلدیہ افسران اور آئی آر بی کمپنی کے رویہ پر بے اطمینانی کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ جلد از جلد اس کا کوئی مستقل حل نکالا جائے اور عوام کو راحت دلائی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل ہائی وے توسیع کے لئے یہاں کے شہریوں نے پوری طرح تعاون کیا ہے لیکن اس سے جڑی  بنیادی عوامی سہولتوں کے بارے میں جب ان افسران سے پوچھا جاتا ہے تو وہ صحیح طریقے سے جواب تک دینا گوارا نہیں کرتے ۔ 

مجلس اصلاح و تنظیم بھٹکل کے صدر عنایت اللہ شاہ بندری نے  ڈپٹی کمشنر کو بتایا کہ بھٹکل رنگین کٹہ نیشنل ہائی وے پرجب  پانی جمع ہوتا ہے اور اُسے نکلنے کا راستہ نہیں ملتا تو اطراف کے مکانوں کے اندر  داخل ہونا شروع ہوجاتا ہے، انہوں نے بتایا کہ  اس سے قبل پانی مختلف نالوں سے بہتا ہوا  قریبی ندی میں جاملتا تھا۔ ان کے مطابق  نور مسجد کے باہر والے نالہ  سے پانی نیچے کی طرف جاتا تھا،  اس نالے کی صفائی نہیں  کی گئی تھی، بارش شروع ہونے کے بعد ابھی کچھ روز پہلے ہی صفائی کی گئی ہے۔ مزید بتایا کہ  شمس الدین سرکل کا پانی ساگر روڈ ہوتا ہوا   پولس گراونڈ  سے  نشیب میں  چلا جاتا تھا، وہ نالہ مکمل طور پر بند ہوگیا ہے۔ ناگپا نائک روڈ ،   پٹرول پمپ  کے باہر والا نالہ ،  رنگین کٹہ کے قریب واقع کورٹ کے پیچھے والا نالہ سب کے سب  نالے بند ہیں اور اس کی صفائی کا کوئی کام نہیں ہورہا ہے۔ جب تک ان نالوں کو  کھولانہیں جائے گا، سرکل ، رنگین کٹہ اور نیشنل ہائی وے پر پانی کو باہر نکلنے کا راستہ نہیں ملے گا۔ عنایت اللہ کے مطابق نالوں کی صفائی کا کام میونسپالٹی کو کرنا ہے، اس کے لئے  آئی آر  بی  کو ذمہ دار  ٹہراکر میونسپالٹی اپنی  لاپرواہی پر پردہ نہیں ڈال سکتی۔عنایت اللہ شاہ بندری نے مطالبہ کیا کہ بند نالوں کی فوری صفائی کی جائے، ا ور اس مصیبت سے عوام کو راحت دلائی جائے ۔ نامدھاری لیڈر ایم آر نائک نے بھی   عنایت اللہ شاہ بندری  کی باتوں کی تائید کرتے ہوئے بتایا کہ   جن نالوں سے پانی کو بہہ کر نشیب میں چلے جانا چاہئے تھاوہ سب کے سب  نالے  بند ہوجانے سے نیشنل ہائی وے تالاب کا منؓظر پیش کررہا ہے۔

نامدھاری سنگھا کے صدر کرشنا نائک   اور سری کانت نائک نے بتایا کہ شہر میں برساتی پانی کی نکاسی کے جو قدرتی نالے تھے ان پر زیادہ تر غیر قانونی قبضہ کرکے عمارتیں تعمیر کی گئی ہیں ۔ جس زمانے میں ایسے نالے موجود تھے اُس وقت اس طرح برساتی پانی گھروں میں گھسنے یا سڑکوں پر جمع ہونے کے مسائل نہیں تھے ۔ اس لئے صحیح ڈھنگ سے برساتی پانی کی نکاسی کے لئے قدرتی نالوں کے نظام کو درست کرنا ہوگا ۔ 
    
میونسپل کاونسلر الطاف کھروری نے بھٹکل میں چل رہے یو جی ڈی سسٹم کے کام  کو انتہائی غیر معیاری قرار دیتے ہوئے کہا کہ گرمی کے دنوں میں نالوں کا پانی گھروں کے کنووں میں داخل ہوتا ہے تو برسات کے دنوں میں گندہ پانی سڑکوں پر بہنے لگتا ہے ۔  انہوں نے کہا کہ پہلے بھٹکل کے نشیبی  علاقوں میں  یو جی ڈی سسٹم کی وجہ سے  پچاس کنویں خراب ہوگئے تھے، اب    یوجی ڈی کے نئے  انجام دئے جانے والے کاموں سے  پانچ ہزار کنویں خراب ہوگئے ہیں۔
    
عوامی نمائندوں سے شہر میں درپیش مسائل کا احوال سننے کے بعد میونسپل چیف آفیسر سریش کمار کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے  ڈپٹی کمشنر نے سوال کیا  کہ اس طرح کے مسائل بھٹکل میں موجود ہونے کے تعلق سے انہوں نے اپنے اعلیٰ افسران کو تفصیلی رپورٹ کیوں نہیں بھیجی ؟ 
    
ڈپٹی کمشنر نے سماجی ذمہ داران اور عوامی نمائندوں کو بھروسہ دلایا کہ جلد ہی ان مسائل کو حل کرنے کے لئے اقدامات کیےجائیں گے ۔  اس موقع پر رابطہ سوسائٹی کے جنرل سکریٹری عتیق الرحمن  مُنیری،  محی الدین رکن الدین، عبدالسمیع کولا، انجمن کالج کے موظف پرنسپال ڈاکٹر ضمیر اللہ شریف،  میونسپل کاونسلر اِمشاد مختصر، امیتاز رکن الدین، عبدالعظیم محتشم، دیپک نائک سمیت کافی دیگر ذمہ داران موجود تھے۔


Share: